سپریم کورٹ آف پاکستان نے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم کو گرفتار نہ کرنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔ سپریم کورٹ میں وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی سماعت پر جو بدمزگی ہوئی اس پر عدالت نے تحمل کا مظاہرہ کیا، آج شکر ہے پر سکون ماحول ہے۔ اس دوران جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر کیا آپ شامل تفتیش ہوئے؟، یہ آپ کو طے کرنا ہے کہ شامل تفتیش ہوں گے یا نہیں؟، اس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ مجھے شامل تفتیش ہونا بھی نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پر دہشتگردی کی دفعات نہیں لگتیں، جے آئی ٹی میں ایم آئی اور آئی ایس آئی کے افسران ہیں وہاں پیش نہیں ہوں گے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ اس کیس میں اور بھی سوالات ہم نے سوچ رکھے ہیں، شکایت کنندہ کی غیر موجودگی میں کیس نہیں سن سکتے، لطیف کھوسہ نے عدالت سے کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی جس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ کیس کو عدالتی چھٹیوں کے بعد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے وکیل امان اللہ کنرانی کے بیٹے کی طبیعت ناسازی کے باعث ان کی عدم پیشی پر سماعت ملتوی کردی، عدالت نے اس کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار نہ کرنے کا حکم برقرار رکھا۔ خیال رہے کہ وکیل عبدالرزاق شر کو 6 جون کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، مقتول کے صاحبزادے نے چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 4 افراد کو قتل میں نامزد کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر آنے تک توشہ خانہ فوجداری کیس سماعت ملتوی کر دی۔ چئیرمین پی ٹی آئی کی کیس واپس بھجوانے کے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے۔ جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی کارروائی کا کیا نتیجہ نکلا؟ لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ابھی کیس کی سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ کیس سن رہی ہے تو اس کا انتظار کریں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی کاوش لائق تحسین ہے، چیف جسٹس ہائیکورٹ خصوصی کاوش سے یہ کیس سن رہے ہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو جیل سہولیات پر رپورٹ مانگیں گے، سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر آنے تک سماعت ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نالیدی پنڈورا نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ 15 واں برکس سربراہ اجلاس 22 سے 24 اگست تک جنوبی افریقہ میں منعقد ہورہا ہے جس میں شرکت کیلئے 60 سے زائد ممالک کے رہنماں اور 20 عالمی تنظیموں کے نمائندوں کو دعوت دی گئی ہے۔ ایک مضمون کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ سربراہ اجلاس میں 20 سے زائد ممالک اس گروپ میں شمولیت کی درخواست دیں گے جس سے اس تنظیم کے 5 بانیوں کو امید ہے کہ اس سے کثیر قطبی دنیا کے قیام میں مدد ملے گی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اقتصادی اور سیاسی سطح پر درپیش اہم مسائل اور اہم فیصلے کانفرنس میں شریک ممالک کے منتظر ہیں۔ دنیا بھر کے ممالک اس امید افزا ادارے میں شمولیت کے خواہشمند ہیں جو ایک نئے عالمی معاشی نظام کے قیام کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں جس میں لوگوں اور ممالک کے فائدے کے لئے انصاف اور مساوات کو غلبہ حاصل ہے ۔اس میں خاص طور پر وہ ممالک شامل ہیں جنہیں ابتدائی طور پر امریکہ اور مغرب میں اس کے ریاستی ایجنٹس نے بیدردی سے لوٹا تھا۔ ہم عالمی معاشی نظام کے نقشے میں ایک اہم تبدیلی کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ یہ سربراہ اجلاس ختم ہوتے ہی یکطرفہ امریکی نظام کا متبادل اور کثیر قطبی دنیا کی تشکیل میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگا۔ یہ نظام قوموں کی دولت لوٹنے ، ان کے عوام اور آنے والی نسلوں کی قیمت پر مغربی پالیسیوں کے نفاذ اور ان کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے بدنام ہے۔ ہمارے لئے نام نہاد عالمی بینک یا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے دیئے گئے مالیاتی قرض پالیسی کی نگرانی کرنا کافی ہے جو واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ کے احکامات پر ایمانداری سے عمل درآمد کرتا ہے۔ ہم بلیک میلنگ، بالادستی، ڈکیتی اور حاکمانہ طریقوں پر مبنی موجودہ امریکی یکطرفہ معاشی نظام کے اہداف کا پتہ لگا سکتے ہیں جو ہمارے عرب خطے اور خاص طور پر شام، لبنان، عراق، مصر، یمن، لیبیا اور سوڈان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں امریکہ کی جانب سے اپنایا جاتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین قومی خودمختاری کے دفاع اور بیرونی مداخلت اور ناکہ بندی کی مخالفت میں کیوبا کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ چینی صدر نے 15 ویں برکس سربراہ اجلاس کے موقع پر کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینل کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ کیوبا کی اقتصادی و سماجی ترقی میں مدد کے لئے چین پوری کوشش کرے گا۔ چینی صدر نے یاد دلایا کہ صدر ڈیاز کینل نے گزشتہ نومبر میں چین کا کامیاب سرکاری دورہ کیا تھا جس میں چین اور کیوبا کے درمیان تعلقات مزید گہرا کرنے پر وسیع اتفاق رائے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین۔ کیوبا معاشرے کے قیام پر ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کی مشترکہ کوششوں سے اس اتفاق رائے پر مئو ثر طریقے سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ کیوبا کے ساتھ سیاسی باہمی اعتماد گہرا کرنے، عملی تعاون وسیع کرنے ، اسٹریٹجک کوآرڈینیشن مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان خصوصی دوستانہ تعلقات میں پیشرفت میں اضافہ کے لئے چین تیار ہے۔ ڈیاز کینل نے گزشتہ نومبر میں چین کے کامیاب سرکاری دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریق دونوں رہنماں کے درمیان طے شدہ اہم اتفاق رائے پر سنجیدگی سے عملدرآمد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا ۔ چین تعلقات اس وقت تاریخ کے عروج پر ہیں ۔ کیوبا کے عوام صدر شی جن پھنگ کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتے ہیں اور کیوبا کے منصفانہ مقصد کے لئے چین کی سمجھ بوجھ اوربامعنی تعاون کے شکرگزار ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں قائم پاک چائنہ سٹیڈی اینڈ ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام چین کی حکومت ، ثقافت ،زبان اور نجی اداروں سے متعلق آگاہی کے حصول کے حوالے سے 2 روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے پرو ریکٹر رئیر ایڈمرل احمد فوزان نے ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشٹیو کا ایک اہم منصوبہ ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے ایک گیم چینجر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم میں بتدریج 65ارب امریکی ڈالر ز کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے علاوہ ہزاروں کلومیٹر کی طویل شاہراہیں بنائی گئی ہیں، جس سے عوام کو جدید سفری سہولیات میسر آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے تحت جہاں ملک میں جاری توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد حاصل ہوئی ہے وہیں ملک بھر میں قابل تجدید توانائی کے نئے منصوبوں پر کا م تیزی سے جاری ہے،جس میں شمسی توانائی، پانی، ہوا اور کوئلے سے بجلی کے حصول کے منصوبے شامل ہیں ۔انہوں نے کہا ہے کہ سی پیک کے منصوبے سے مستفید ہونے کیلئے ہمارے نجی اداروں کیلئے چین کی ثقافت اورقوانین سمیت دیگر امور کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے ۔
رئیر ایڈمرل احمدفوزان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے، جس میں دونوں ممالک کے نجی اداروں کے درمیان باہمی روابط کوفروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل اور ایف ایم 98 دوستی چینل کی ڈائریکٹر حو پھنگ پھنگ نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان نے ہمیشہ دنیا بھر میں قیام امن کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان بیشتر ثقافتی اقدار مشترک ہیں جو پاک چین دوستی کو مضبو ط کرتے ہیں ۔حو پھنگ پھنگ نے مزید کہا کہ جدیدیت کی جستجو میں چین اور پاکستان کے نظریات مشترک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی مختلف ممالک کا مشترکہ ایجنڈ ابن چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے سبز ترقی کے حوالے سے جامع اقدامات اٹھائے ہیں، جن کو عالمی برادری تسلیم بھی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک طویل تاریخ کے حامل ممالک ہیں۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل اور ایف ایم 98 دوستی چینل کی ڈائریکٹر حو پھنگ پھنگ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ذرائع ابلاغ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ دونوں ممالک کے عوام الناس کو ایک دوسرے کی ثقافت سے متعارف کرانے اور چین پاک دوستی کو نسل در نسل آگے بڑھانے میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر سکتا ہے۔ بحریہ یونیورسٹی کے پروفیسر حسان داود بٹ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے علاوہ دیگر شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت تعمیر کئے گئے توانائی منصوبوں سے ملک میں 5 ہزار میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہوا ہے، جس سے ملک میں جاری توانائی بحران پرقابو پانے میں مدد ملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت ملک بھر میں 5 ہزار کلومیٹر طویل شاہراوں کا ایک جال بچھایا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کے انعقاد سے ورکشاپ کے شرکا کو چین کی ثقافت کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی ۔حسان داود بٹ کا کہناتھا کہ سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ دوستی مزید مضبو ط ہوگی اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ان کا کہناتھا کہ اپنی ترقیاتی پالییوں کی بدولت آج چین دنیا کی دوسری معیشت بن چکا ہے جبکہ اس وقت چین کے دنیا کے 180 ممالک کے سفارتی تعلقات قائم ہیں ۔حسان داود بٹ کا کہنا تھا کہ چین میں 56 قومیتیں آباد ہیں جو بھر پور انداز میں ملکی ترقی میں اپنا مثبت اورتعمیر کردار ادا کررہی ہیں ۔ اس موقع پر سابق سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا کہ اس قسم کی ورکشاپ کے انعقاد سے پاک چین دوستی کو مزید مضبو ط بنانے میں مدد حاصل ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی دونوں ممالک کیلئے انتہائی اہم ہیجبکہ اس دوستی کی مثال کہی نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے جس کیتحت زراعت ، تعلیم اور ملک بھر میں صنعتی زونز کے قیام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔سابق سفیر نغمانہ ہاشمی کا کہناتھا سی پیک کے دوسرے مرحلے کی کامیابی کیلئے ہمیں چینی منڈیوں کے اصولوں اور قوانین کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے ۔بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں قائم پاک چائنہ سٹیڈی اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر عمران الحق نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشٹیو کے سی پیک منصوبے کو تقریبا 10سال مکمل ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران دونوںممالک کے درمیان تعاون کی اعلی مثال قائم ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کے انعقاد کامقصد دونوںممالک کی نجی کمپنیوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھنے کے علاوہ ایک دوسرے کے ثقافتی اقدار کو سمجھنا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ان دنوں چین کی جانب سے پاکستانی گوشت درآمد کرنے کی اجازت ملنے کے بعد گوشت کی برآمد کا حجم بڑھنے والا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق ہردوئی لائیو سٹاک اینڈ میٹ کمپنی کے نمائندے عمیر احمد خان نے کہا کہ چینی حکومت نے ابلے ہوئے اور گرمی سے پاک گوشت کے لیے کچھ خصوصیات اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار بتائے ہیں ۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے کمرشل قو نصلرغلام قادر نے کہا کہ بہت سے چینی کاروباری ادارے پاکستان سے گوشت، مرچ اور دیگر مصنوعات درآمد کرنا چاہتے ہیں اور وہاں صنعتی یونٹ قائم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ چین نے پاکستان سے گوشت درآمد کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ پاکستان چینی مارکیٹ میں ابلا ہوا گوشت برآمد کرنا شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا۔ ایکسپو میں گوشت کے بوتھوں نے بہت سے چینی زائرین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مویشی اور بھینس پیدا کرنے والے دنیا کے صف اول کے ممالک میں سے ایک ہے۔ ہمارے پاس بھینسوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی اور مویشیوں کی دنیا کی چھٹی سب سے بڑی آبادی ہے۔ ہم اعلی معیار کا بھینس کا گوشت تیار کر سکتے ہیں۔
عمیر احمد خان جو خلیجی ریاستوں، مشرق وسطی کی ریاستوں اور وسطی ایشیائی ممالک کو مرکزی مارکیٹ کے طور پر نشانہ بناتا تھا، اب چین کو گرمی سے پاک گوشت، منجمد بیف اور ہڈیوں سے پاک گوشت برآمد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چینی حکومت نے حال ہی میں ایک معاہدہ کیا ہے کہ پاکستان سے گرمی سے علاج کیا جانے والا گوشت چین درآمد کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے پاس چین میں ایک بڑی ممکنہ مارکیٹ ہے اگر ہمارے پروڈیوسر اس طرح کے معیار کے مطابق گوشت تیار کرسکتے ہیں۔ "ایکسپو میں آنے والے تقریبا 80 فیصد زائرین چینی تھے۔ آرگینک میٹ کمپنی کے ایک اور گوشت نمائش کنندہ مرزا وقاص بیگ نے کہا کہ چونکہ وہ یہ بھی جانتے تھے کہ پاکستان کو چین کو گوشت برآمد کرنے کی اجازت دی گئی ہے ، لہذا ان میں سے بہت سے لوگوں نے ہماری مصنوعات میں دلچسپی لی۔ "چین شاید دنیا میں گوشت کا سب سے بڑا صارف ہے. پاکستان میں پہلے چین کو ایکسپورٹ کرنے کی منظوری نہیں تھی، اب منظوری مل گئی ہے۔ ہم اس مارکیٹ کو پورا کرنا چاہتے ہیں اور وہاں اپنی برآمدات میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ اس تقریب میں 410 ملین ڈالر مالیت کے معاہدے اور 10 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی چین کو برآمدات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔ توقع ہے کہ گوشت کی برآمد مستقبل میں چین کو پاکستان کے 10 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایمان مزاری اور علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوادیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں ایمان مزاری اور علی وزیر کیخلاف بغاوت، دھمکانے اور اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وائس میچنگ اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروا لئے گئے ہیں، تحریری تقاریر کے ٹرانسکرپٹ برآمد کرنا ہیں، ایمان مزاری اور علی وزیر کا مزید جسمانی ریمانڈ چاہئے۔ جج نے پوچھا کہ تین دن دیئے ان میں انویسٹیگیشن آفیسر نے کیا کیا؟، مناسب جواب نہ ملنے پر عدالت نے ایمان مزاری اور علی وزیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوادیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ایمان مزاری کی والدہ شیریں مزاری سے کمرہ عدالت میں ملاقات کروانے کی اجازت دیدی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بھارت کو عالمی سطح پر ایک بار پھر سبکی کا سامنا ، امریکا نے 21 بھارتی طلبہ جعلی ویزوں کی وجہ سے ڈی پورٹ کردیے ۔ تفصیلات کے مطابق بڑی تعداد میں جعلی ویزوں اور کاغذات پکڑنے کی کارروائیاں اٹلانٹا، شکاگو اور سان فرانسسکو ائیرپورٹس پر کی گئیں ، ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں سے زیادہ کا تعلق آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے ہے۔ امریکی امیگریشن حکام نے 21 بھارتی افراد پر پانچ سال کے لیے امریکہ داخلے پر پابندی بھی لگا دی ، ڈی پورٹ کیے گئے افراد جعلی ویزوں اور یونیورسٹیوں کے ایڈمیشن لیٹر کی آڑ میں امریکہ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد سے امیگریشن حکام کی طویل تفتیش، موبائل فون اور واٹس ایپ ریکارڈ بھی جانچا گیا۔ 2018 میں امریکہ نے 129 اور 2019 میں کینیڈا نے 150 بھارتی طلبہ کو جعلی ویزوں کی وجہ سے ڈی پورٹ کر دیا تھا۔ 2019 میں امریکہ نے 130 بھارتی شہریوں کو جعلی ویزے کی وجہ سے گرفتار اور سزا سنائی تھی جبکہ 2022 اور 2023 میں کینیڈا نے 700 بھارتی طلبہ کو جعلی ایڈمیشن لیٹروں کی وجہ سے ڈی پورٹ کر دیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سعودی عرب سے تحفے میں ملنے والی گھڑی فروخت کرنیکے الزام میں سابق برازیلین صدر بولسونارو کو گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔برازیلین میڈیا کے مطابق بولسونارو پر تین ملین ڈالر مالیت کے تحائف کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2021 میں سعودی حکومت کی جانب سے برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو تحفے میں قیمتی گھڑی اورزیورات دئیے گئے تھے، تحفے میں ملی بیش قیمت گھڑی کو بولسونارو کے قریبی ساتھی نے امریکا کے ایک مال میں فروخت کیا تھا جس کی رقم 68 ہزار ڈالرز سابق برازیلین صدر نے وصول کی۔ برازیل کے قانون کے مطابق ایک ہزار ڈالر سے مہنگی جو بھی چیز بیرون ملک سے لائی جائے اسے ڈیکلیئر کرنا لازمی ہے، ساتھ ہی صدور غیر ملکی تحائف توشہ خانہ میں جمع ہونیکے بعد ساتھ لے جانے کے اہل نہیں ہوتے۔ بولسونارو کے وکلا کا کہنا ہیکہ تحائف ریاستی نہیں، حکومتی پینل بیشتر تحائف ذاتی ملکیت قرار دے چکا ہے۔ اس حوالے سے برازیلین ادارہ تحقیقات کر رہا ہے، الزام ثابت ہونے پرسابق صدر کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 68 سالہ بولسونارو کے خلاف فراڈ اورالیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور ان کے متعدد ساتھی جیل میں ہیں۔ سابق برازیلین صدر انتخابات میں بھی شکست سے دوچار ہوئے ، ان پر7 سال تک کوئی بھی اہم عہدہ سنبھالنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کرکے واپس جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق حادثہ مکہ ریاض ہائے وے پرپیش آیا جس میں مالک خرما اور ان کے 4 بچے اکرم، مایا ، دانا اور دیما موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ مونا خرما شدید زخمی ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد متعدد راہ گیروں نے بدقسمت خاندان کی مدد کی اور ایمرجنسی کو کال کرکے لاشوں اور زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کروانے میں مدد کی۔ حادثے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ حادثے کے شکار خاندان کا تعلق اردن سے ہے اور وہ متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے بحران نے ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے کے ممالک میں لاکھوں افراد کو انتہائی غربت میں دھکیل دیا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے دیر پااثرات اور اشیاضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے بحران نے اس خطہ کے افراد کی مشکلات میں بے پنا اضافہ کیا ہے۔ کی انڈیکیٹرز فار ایشا اینڈ دی پیسیفک 2023 کے عنوان سے جاری رپورٹ کے مطابق 2022 تک خطے کے ترقی پذیر ممالک میں ایک اندازے کے مطابق15 کروڑ 52 لاکھ افراد جو خطے کی 3.9 فیصد آبادی کے مساوی ہیں، انتہائی غربت میں زندگی گزار رہے تھے۔ ترقی پذیر ایشیا میں جاپان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے علاوہ ایشیا پیسیفک کی 46 معیشتیں شامل ہیں۔ رپورٹ میں 2017 کی قیمتوں کی بنیاد پر 2.15 امریکی ڈالر یومیہ سے کم آمدنی والے افراد کو انتہائی غربت میں زندگی گزارنے والے تصور کیا گیا ہے لیکن 2017 کے بعد سے اب تک اشیاضروریہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے ۔ زیادہ تر ممالک میں افراط زر گزشتہ سال کئی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس سے تقریبا ہر شخص متاثر ہوا ہے لیکن مہنگائی میں تیزی سے اضافے سے غریب افراد سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، کیونکہ وہ خوراک اور ایندھن جیسی ضروریات کی زیادہ قیمتیں ادا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ اس بحران سے خواتین خاص طور پر زیادہ متاثر ہوئی ہیں کیونکہ عمومی طور پر ان کی آمدنی مردو ں کے مقابلے میں کم ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے چیف اکانومسٹ البرٹ پارک نے غریبوں کے لئے سماجی تحفظ کے اقدامات کو بہتر کرنے اور روزگار کے لیے سرمایہ کاری اور اختراعات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں اضافے کا بحران اقوام متحدہ کے ترقیاتی اہداف کے تحت غربت کے خاتمے کی جانب پیش رفت کو کمزور کر رہا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک تخمینے کے مطابق کورونا وائرس کی عالمگیر وبا نے 2020 تک مزید ساڑھے سات کروڑ سے 8 کروڑ تک افراد کو انتہائی غربت میں دھکیل دیا تھا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ایران نے رواں برس تین سیٹیلائٹ خلا میں بھیجنے کا اعلان کردیا ہے، اس حوالے سے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیرمحمد رضا آشتیانی کا کہنا ہے کہ ایران کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے جو سیٹیلائٹ مدار میں بھیج سکتے ہیں۔ بریگیڈیرمحمد رضا آشتیانی نے کہا کہ افغانستان، عراق، شام اور دوسری جس جگہ بھی دشمنوں کا سامنا ایران سے ہوا ان کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ دشمنوں کے پاس بہت زیادہ ساز و سامان ہے لیکن اس کے باوجود ان کی بوکھلاہٹ عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنی طاقت کی اعلی ترین منزل پر ہے اس لئے دشمن کو کسی بھی طرح کی حماقت کا خیال اپنے دماغ سے نکال دینا چاہئے۔ایران نے گزشتہ چار عشروں کے دوران خلائی ٹیکنالوجی میں مسلسل ترقی و پیش رفت کی ہے۔ اگرچہ دشمنوں نے گونا گوں پابندیوں کے ذریعہ خلائی ٹیکنالوجی سمیت ایران کی سائنسی اور اقتصادی ترقی و پیش رفت کے آگے بند باندھنے کی کوشش کی لیکن ہر طرح کی پابندیوں اور دبا کے باجود ایران نے مختلف قسم کی خلائی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرلی ہے اور یہ ایران کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔ یاد رہے کہ ایران نے گزشتہ روز مقامی طور پر تیار کئے گئے خرمشہر اور حاج قاسم میزائلوں کے ساتھ مہاجر 10 ڈرون کی رونمائی بھی کی تھی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جارحیت میں ملوث ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے۔ جدید ڈرون 2 ہزار کلومیٹر آپریشنل رینج کے ساتھ، 24 گھنٹے تک پرواز کی خاص صلاحیت کے ساتھ تیز ترین رفتار کا حامل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے حقوق سے متعلق نیا لائحہ عمل جاری کرتے ہوئے فضائی مسافروں کو سامان گم ہونے پر 6568 ریال (5 لاکھ روپے سے زائد) تک رقم ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے حقوق سے متعلق نیا لائحہ عمل جاری کیا ہے۔ محکمہ شہری ہوابازی نے ایک بیان میں کہا کہ نیا لائحہ عمل 20 نومبر 2023 سے مثر ہوگا، مسافروں کی نگہداشت، مدد اور معاوضے کے حوالے سے ضوابط بیان کئے گئے ہیں۔ نئے لائحہ عمل کے مطابق پرواز میں 6 گھنٹے سے زیادہ تاخیر پر مسافر کو 750 ریال نقد دینا ہوں گے، ان کے کھانے پینے، رہنے اور آمد و رفت کے انتظامات بھی فضائی کمپنی کے ذمہ ہوں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرواز منسوخ کرنے کی صورت میں ٹکٹ کی رقم کا 150 فیصد معاوضہ دینا ہوگا، معاوضے کی شرح مسافر کو پرواز کی منسوخی کی اطلاع کے وقت کے لحاظ سے مقرر ہوگی۔ نئے لائحہ عمل میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر کو طیارے پر بٹھانے سے انکار کرنے پر ٹکٹ کی رقم اور 200 فیصد معاوضہ دینا ہوگا، طیارے میں کیٹیگری کم کرنے پر 200 فیصد تک معاوضہ دینا ہوگا، بغیر شیڈول اسٹیشن کرنے پر فی اسٹیشن 500 ریال معاوضہ مسافر کا حق ہوگا۔ مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی فضائی کمپنی کی جانب سے معذور مسافر کو طیارے پر سوار کرنے سے منع کرنے پر ٹکٹ کی قیمت کا 200 فیصد معاوضہ ادا کرنا ہوگا، معذور مسافر کو ویل چیئر فراہم نہ کرنے پر بھی 500 ریال معاوضہ ادا کرنا ہوگا۔ سعودی ایوی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں سامان کے معاوضے کے ضوابط کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ نئے ضوابط میں کہا گیا کہ سامان گم ہوجانے پر 6568 ریال(پانچ لاکھ روپے سے زائد )تک کا معاوضہ مسافر کا حق ہوگا جبکہ سامان تلف ہوجانے پر معاوضے کی انتہائی رقم 6568 ریال تک ہے۔ میڈیا ر پورٹ کے مطابق سامان تاخیر سے آنے پر بھی مسافر کو معاوضہ دیا جائے گا، پہلے دن کا معاوضہ 740 پھر دوسرے روز سے ہر دن کے لحاظ سے تاخیر پر 300 ریال معاوضہ ہوگا، معاوضے کی انتہائی حد 6568 ریال ہوگی، رن وے پر آتے جاتے وقت پرواز میں 3 گھنٹے سے زیادہ تاخیر پر مسافر کو پرواز کی منسوخی کے ضوابط کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
آسٹریلوی عدالت نے اسرائیل سے تعلق رکھنے والی سابق پرنسپل کو جنسی ہراسانی کے الزام میں 15 سال قید کی سزا سنادی۔ مقامی میڈیا کے مطابق میلبرون کے یہودی سکول کی سابق پرنسپل ملکہ لیفرپرجنسی زیادتی کا الزام ہے ۔ ملزم نے 20 سال پہلے دوبہنوں کو سولہ اورسترہ سال کی عمر میں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملکہ لیفرکو 2008 میں الزامات منظرعام پرآنے کی وجہ اسرائیل بھاگنا پڑا۔ تاہم آسٹریلوی حکام نے لیفر کو عدالتی کارروائی کیلئے دوبارہ بلوایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
روس کے یوکرین کی اہم پوسٹوں پرحملے، جبکہ یوکرین نے روس کے ایک درجن ڈرون مارگرانے کا دعوی کیا ہے۔ روس نے یوکرین کے شہر کپیانسک، لیمان، ڈونیسک، اور دیگراہم پوسٹوں پرحملے ناکام بنانے کا دعوی کیا ہے۔ روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین کے کئی جنگی ٹینکوں کونشانہ بنایا ہے۔ روس نے یوکرین کے رڈاراسٹیشنز تباہ اور 18 فضائی حملے ناکام بنانے کا دعوی بھی کیا ہے۔ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین نے روسی فوج اور اسلحہ خانوں پرمسلسل حملے کیے اوربارہ ڈرون بھی مارگرائے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سعودی عرب نے عمرہ بکنگ کے حوالے سے 3 اہم ہدایات جاری کردیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت برائے حج وعمرہ کی طرف سے عازمین کے لیے عمرہ کی بکنگ کے حوالے سے 3 اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں،وزارت حج وعمرہ نے ضیوف الرحمان کومخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرہ کی مناسک آسانی اور سہولت سے ادا کرنے کے لیے عمرہ کے لیے اپوائنٹمنٹ بک کرواتے وقت یقینی بنائیں کہ ہجوم کے اوقات سے بچیں،آنے والے عمرہ زائرین اجازت نامہ پیش کریں اور مقررہ وقت و تاریخ پر اپنی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ نے یہ بھی کہا ہے کہ عمرہ زائرین کو سکون، اطمینان اور اچھے اخلاق کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، خاص طور پر بھیڑ والی جگہوں پر پرسکون انداز میں رہیں، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ اے لوگو! پرسکون رہو۔ وزارت نے موسم گرما میں عمرے کے لیے 3 مشورے بھی دیئے ہیں،جن میں کہا گیا ہے کہ سب سے پہلے موسم گرما میں عمرہ کرتے وقت معالج سے مشاورت کی جائے،دوسرا موسم گرما میں عمرے کے لیے مناسب وقت کا انتخاب ضروری ہے اورایسے اوقات کا انتخاب کیا جائے جب درجہ حرارت معتدل ہوجبکہ تیسری ہدایات کے طورپرمسجد الحرام پہنچنے کے بعد اورعمرہ شروع کرنے سے قبل آرام کا وقفہ لینے کا مشورہ دیا گیا۔ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کومشورہ دیا گیا ہے کہ اگر وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے مملکت جانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ویزہ کے حصول کے مرحلے میں بغیرلائسنس کے ایجنٹوں سے گریزکریں کیوںکہ صرف لائسنس یافتہ کمپنیوں کے ساتھ لین دین آپ کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ ویزہ حاصل کرنے کے لیے وزارت کی ویب سائٹ پرلاگ ان ہوں جہاں وہ اپنے آبائی ممالک میں لائسنس یافتہ ایجنٹوں کی فہرست چیک کرسکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نگران وفاقی وزیرتعلیم مدد علی سندھی کی طبیعت ناسازہوگئی، پمزہسپتال پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیرتعلیم مدد علی سندھی کو سینے میں تکلیف ہے۔ پمز ہسپتال ذرائع کے مطابق نگران وزیر تعلیم کے مزید ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ نگران وزیر تعلیم کا شعبہ امراض قلب میں طبی معائنہ جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پنجاب پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی۔ انسداددہشت گردی عدالت لاہور کے جج جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس کی تفتیش سے متعلق درخواست منظور کرلی۔ پولیس کو عسکری ٹاور سمیت دیگر مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی سے اجازت ملی۔ پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ چیرمین پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں اٹک جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں، چیرمین تحریک انصاف سے نو مئی مقدمات میں تفتیش کرنی ہے، عدالت جیل میں ملزم سے تفتیش کی اجازت دے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اہم مقدمات میں تیاری کے بغیر آنے پر پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کیس میں افسران کی غیرمشروط معافی کی درخواست منظور کرلی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کے ایس پی اور ایس ڈی پی او انڈسٹریل ایریا کے خلاف توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز واپس لیلیے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ایس پی اور ایس ڈی پی او انڈسٹریل ایریا نے تحریری بیان جمع کرادیا، جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ آپ نوجوان افسران ہیں،عدالت آپ کا کیرئیر خراب نہیں کرنا چاہتی۔ یہ بات مناسب نہیں کہ کہوں ایس پی یا آئی جی کو جیل بھیجوں گا۔ آپ پر توہین عدالت لگا دوں تو آپ کا کیرئیر تباہ ہو جائے گا۔ جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر کام نہیں کرتے، آپ بتائیں سسٹم کیسے ٹھیک ہو گا؟ کل آپ یا میرے کسی رشتہ دار کے ساتھ بھی ایسا واقعہ ہوسکتا ہے۔ ہائیکورٹ کے قریب تھانے ہے مگر ابھی تک ریکارڈ عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ معزز جج نے کہا کہ کیا تفتیشی افسر کے ریکارڈ نہ لانے کی وجہ سے کسی شخص کو جیل میں پڑا رہنے دیں؟ ڈی آئی جی اور آئی جی کو طلب کرچکے لیکن کوئی بہتری نہیں آئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے پاک امریکہ مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجارتی تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان کی حکومت اور عوام امریکہ کو سماجی و اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی میں ایک دوست اور اہم شراکت دار سمجھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے اسلام آباد میں امریکی وفد نے ملاقات کی۔امریکی وفد میں ریپبلکن ڈیرن لاہود، ایڈم ہوورڈ، جان لافر، لیفٹننٹ کرنل کیٹلن شگورے اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم شامل تھے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔علاقائی سلامتی، اقتصادی تعاون، تجارتی شراکت داری اور عوام سے عوام کے تبادلے سمیت مختلف موضوعات بھی زیر بحث آئے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تجارتی تعلقات اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام امریکہ کو سماجی و اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی میں ایک دوست اور اہم شراکت دار سمجھتے ہیں۔
امریکی وفد نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔وفد نے پاکستان کے ترقیاتی اہداف پورے کرنے کیلئے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ملاقات میں ایک دوسرے کے مثالی جمہوری طریقوں سے باہمی طور پر مستفید ہونے اور پارلیمانی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔دونوں ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ امریکی وفد نے کہا کہ پاکستان میں آکر خوشی ہوئی۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات ہمارے لیے اہم ہیں اور ہم دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے یہاں موجود ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات تاریخی، متحرک اور دیرپا ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ ہم نے دہشت گردی کی وجہ سے نقصان اٹھایا ہے۔ 80 ہزار لوگوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان افغان مسئلے کا پرامن حل چاہتا ہے۔ ہمیں امن اور ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔دہشت گردی کی وجہ سے امریکہ اور پاکستان دونوں کا نقصان ہوا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔بے گناہ کشمیریوں کو تشدد اور تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکہ انسانی حقوق کا سب سے بڑا حامی ہونے کے ناطے آگے آکر مقبوضہ کشمیر کے معصوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھا سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق صدر کے خط کا جواب د یتے ہوئے لکھا ہے کہ الیکشن ایکٹ ترمیم کے بعد کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار ہے، وزیر اعظم کی سفارش پر اسمبلی تحلیل کی جائے توکمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار ہے چیف الیکشن کمشنر نے صدر مملکت کو لکھے گئے جوابی خط میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی آئین کے آرٹیکل 58 ون کے تحت وزیراعظم کی سفارش پر صدر نے 9 اگست کو تحلیل کی، اب الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 میں 26 جون کوترمیم کردی گئی ہے، اس ترمیم سے قبل صدر الیکشن کی تاریخ کے لییکمیشن سیمشاورت کرتا تھا، اب سیکشن 57 میں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن کو تاریخ یا تاریخیں دینیکا اختیار ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 48 فائیوکو آئین کے آرٹیکل 58 ٹوکے ساتھ پڑھاجائے، وزیر اعظم کی سفارش پر اسمبلی تحلیل کی جائے توکمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
بلوچستان کے ضلع سبی میں موٹر سائیکل حادثے کی تحقیقات کیلئے جانے والے سب انسپکٹر کو پیچھے سے گاڑی نے ٹکر مار دی، حادثے میں سب انسپکٹر موقع پر جاں بحق جبکہ سپاہی زخمی ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق مٹھری کے قریب موٹر سائیکل الٹ گئی، حادثے میں خاتون اور بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد سب انسپکٹر جائے وقوعہ کا انسپکشن کرنے پہنچے تو پیچھے سے آنے والی گاڑی نے ٹکر مار دی، واقعے میں سب انسپکٹر جیون خان موقع پر جاں بحق جبکہ سپاہی محبوب زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد سب انسپکٹر کی میت اور زخمیوں کو سول اسپتال سبی منتقل کردیا گیا، زخمی کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے کیلئے بڑا قدم اٹھالیا، انٹیگریٹیڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کو محکمہ پاسپورٹ اور نادرا سے منسلک کردیا گیا۔ اب کسی بھی مشکوک، مطلوب یا اشتہاری شخص کیلئے باہر بھاگنا آسان نہیں رہے گا۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ پر قابو پانے کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے انٹیگریٹیڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم محکمہ پاسپورٹ اور نادرا سے منسلک کردیا۔ رپورٹ کے مطابق آئی بی ایم ایس میں 22 کروڑ سے زائد مسافروں کا ریکارڈ محفوظ ہے، اس اقدام کے ذریعے مشکوک، مطلوب یا اشتہاری افراد کو بیرون ملک جانے سے روکا جاسکے گا۔ ایف آئی اے نے 34 بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر 3 مراحل میں چیکنگ کا نظام بھی قائم کردیا۔ وفاقی ادارے نے ایک سال کے دوران شک کی بنیاد پر 19 ہزار 55 افراد کو سفر کرنے سے روکا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ 388 مسافروں کو جعلی اور غیر قانونی دستاویزات پر آف لوڈ کیا گیا، غیرقانونی طور پر بارڈر کراس کرنیوالے 968 افراد کو بھی پکڑا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نگران پنجاب حکومت نے 4 ماہ کیلئے مختص بجٹ کے 50 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کردیئے۔ نگران پنجاب حکومت نے 4 ماہ کیلئے منظور کردہ بجٹ کے 50 فیصد ترقیاتی فنڈز جاری کردیئے۔ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ ہاوسنگ کی 393 ترقیاتی اسکیموں کیلئے ایک ارب 12 کروڑ 89 لاکھ روپے، میانوالی کی 65 ترقیاتی اسکیموں کیلئے 17 کروڑ 49 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیخوپورہ کی 33 ترقیاتی اسکیموں کیلئے 12 کروڑ 7 لاکھ روپے، لاہور کی 34 اسکیموں کیلئے 2 کروڑ 70 لاکھ روپے اور قصور کی 11 اسکیموں کیلئے 3 کروڑ 31 لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اب تک ترقیاتی منصوبوں کیلئے 50 کروڑ روپے کے قریب فنڈز جاری کئے جاچکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے جڑانوالہ میں دیگر سیاسی رہنماوں کے ہمراہ متاثرہ گھروں اور چرچز کا دورہ کیا ہے۔ جہانگیرترین کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ حادثے کا بہت افسوس ہوا، جڑانوالہ متاثرین کیلیے فلاحی سینٹر بنناچاہیے، جہانگیرترین نے سانحہ جڑانوالہ کے متاثرین سے ملاقات بھی کی۔ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت نے متاثرین کیلیے بہترین اقدامات کئے، استحکام پارٹی کی طرف سے متاثرین سے ملنے آئے ہیں، ایک کروڑروپیکمیونٹی ویلفیئر کیلئے دے رہے ہیں۔ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیرترین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مسیحی اورمسلم پیار محبت کے ساتھ اکٹھے رہ رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
قیمتی جواہرات کے بڑے ذخائر ہونے کے باوجود، پاکستان جدید کان کنی اور لیپیڈری تکنیکوں میں پیچھے ہے۔ اس شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دے کر پاکستان اربوں ڈالر کی برآمدات حاصل کر سکتا ہے۔ سیکٹرل کونسل برائے ماربل، گرینائٹ اور معدنیات کے رکن محمد یعقوب شاہ نے ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے کہاکہ فی الحال پاکستان میں قیمتی پتھروں کی زیادہ تر تجارت کسی نہ کسی شکل میں کی جاتی ہے کیونکہ غیر ملکی خریدار انہیں اپنے ممالک میں لے جاتے ہیں اور قیمت میں اضافے کے بعد اس قدرتی دولت کو اس کی اصلیت کو پہچانے بغیر اونچے نرخوں پر فروخت کرتے ہیں۔ پاکستان کو اس پیداواری طبقے پر توجہ مرکوز کرنے اور لیپڈری کو جدید کاٹیج انڈسٹری میں تبدیل کرنے کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، اور خواتین کو اس قابل بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنا حصہ ڈال سکیں۔ یعقوب شاہ، جو پاکستان منرلز ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے سابق جنرل منیجر جیولوجی بھی ہیں، نے کہا کہ پرانے زمانے کی لیپیڈری تکنیک اور جدید آلات کی کمی ملک کو بہت زیادہ معاشی نقصان پہنچا رہی ہے۔ قیمتی جواہرات کو غیر ہنر مند کارکنوں کے ذریعہ بڑی مقدار میں ضائع کیا جاتا ہے۔ جدید ترین لیپیڈری مشینیں اور اس سے وابستہ لوگوں کی تربیت پاکستان کو ویلیو ایڈڈ معدنی مصنوعات کے بڑے برآمد کنندگان میں سے ایک بننے میں مدد دے سکتی ہے۔
یعقوب شاہ نے کہاکہ ہر وقت نئے طریقے اور مشینری تیار ہو رہی ہے، جس سے قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پروسیسنگ میں کئی گنا بہتری آئی ہے۔ پاکستان میں ان شعبوں میں تحقیق نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے ہم ٹیکنالوجی کے حوالے سے پیچھے ہیں۔ تھائی لینڈ، سری لنکا، ترکی، امریکہ، بیلجیم، بھارت جیسے ممالک کے ساتھ جواہرات کی کان کنی اور پروسیسنگ کے لیے تحقیق اور ترقی میں تعاون کی ضرورت ہے۔ اس سے پاکستان کو جدید ترین مشینری اور آلات مقامی طور پر تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پروسیسنگ کے جدید طریقوں کو اپنانے سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے ملکی جواہرات اور لیپڈری صنعت کو ترقی دینے اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کے لیے مناسب حصہ حاصل کرنے کے لیے موثر مارکیٹنگ اور برانڈنگ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ پاکستان کے کٹے ہوئے اور پالش شدہ قیمتی پتھروں کا ایک برانڈ کے طور پر مسلسل دوبارہ نفاذ بین الاقوامی مارکیٹ میں ہمارے ملک کی پوزیشن کو بدل دے گا۔ یعقوب شاہ نے مزید کہا کہ مقامی طور پر بھی، صارفین کا تاثر بدل جائے گا کیونکہ فیشن مانگ کا نیا محرک بن جائے گا۔ رخسانہ، جو گلگت بلتستان میں قیمتی پتھروں کی دکان کی مالک ہیں، نے کہا کہ خواتین کی ایک اچھی تعداد اپنے گھروں میں لیپیڈیری کرتی ہے۔جی بی میں خواتین پائیدار روزی کمانے کے لیے نئی تکنیکیں سیکھنے کی خواہشمند ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ خواتین کے لیے اس فن کو سیکھنے اور اپنے خاندانوں کے لیے آمدنی پیدا کرنے کے لیے خطے میں لیپڈری ٹریننگ سینٹرز قائم کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
متحدہ ہندوستان، پاکستان فلم انڈسٹری کے بانی،ور سٹائل اداکار،پروڈیوسر، ہدایتکار اور فلم کے دیگر شعبوں میں مہارت رکھنے والے نذیر احمد خان کی 40ویں برسی 26اگست کو منائی جائے گی،انہیں پاکستان اور بھارت میں بائو جی کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ انہوںنے پاکستان میں پہلی پنجابی فلم بنائی جو پہلی سلور جوبلی کرنے والی پاکستانی فلم تھی جبکہ اس کے علاوہ بھی انہوں نے متعدد سپر ہٹ فلمیں دیں۔نذیر احمد خان کا شمار ان چند اداکاروں اور ہدایتکاروں میں ہوتا ہے جو 1947میں بمبئی(ممبئی) کو چھوڑ کر لاہور آئے اور یہاں آکر فلم انڈسٹری کی بنیاد رکھی۔ان کی پروڈکشنز نے سپر ہٹ اور سدا بہار حمد پاگاں والیو نام جپو مولانام،نعت شاہِ مدینہ،گیت رب دی سوںتیرے نال پیار ہو گیا چنا سچی مچی،لوری راج دلارے،اساں جان کے میٹ لئی اکھ وے،نین نہیں لانا،میں اُڈی اُڈی جاواں سمیت دیگر بہت سے شاہکار گیت شامل ہیں۔نذیر احمد خان نے فلم انڈسٹری کیلئے بہت سے نئے چہرے تلاش کئے اور انہیں فلم انڈسٹری میں بطور سٹارز متعارف کرایا۔انہوںنے حیران کن طور پر 30 دنوں کے اندر فلم مکمل کرنے بشمول پوسٹ پروڈکشن کا کام مکمل کرنے کا منفرد ریکارڈ بھی قائم کیا اور یہ کارنامہ انہوں نے صرف ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار سر انجام دیا اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ 1940 اور 1950 کی دہائیوں میں ہوا۔نذیر احمد خان وژن رکھنے والے اورلگن سے کام کرنے والے فلمساز تھے جنہوں نے اپنا سب کچھ فلم انڈسٹری کو دیا۔ وہ واحد ہیرو تھے جنہوں نے اپنے دور کی 35مختلف ہیروئنوں کے ساتھ کام کیا،انہوں نے اپنے 55 سالہ فلمی کیرئیر کے دوران 200 کے قریب فلموں میں کام کیا۔فلم ''نوکر'' میں ان کی اداکاری کو دیکھ کر لوگوں کو جذباتی طور پر مغلوب اور آنسو بہاتے ہوئے دیکھا گیا۔ سرحد کے دونوں طرف بائو جی کے نام سے جانے والے نذیر احمد خان 26اگست 1983 کو اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اردو ادب کے عظیم شاعر احمد فراز کی15ویں برسی(آج) 25اگست کومنائی جائے گی اس سلسلے میں ملک بھر کے ادبی حلقوں میں تعزیتی دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں احمد فراز کی ا دبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا احمد فراز 25اگست 2008ء کو انتقال کر گئے تھے۔احمد فراز 14جنوری 1931کو پشاور میں پیدا ہوئے تھے دوران تعلیم انہوں نے اپنا پہلا شعری مجموعہ تنہا تنہا لکھا تھا۔احمد فراز کے مجموعہ کلام میں تنہا تنہا،درد آشوب،بے آواز گلی کوچوں میں،نابینا شہر میں آئینہ،نایافت،خواب گل پریشاں ہیں،جاناں جاناں،غزل بہانہ کروں اور دیگر قابل ذکر ہیں۔احمد فراز کو آدم جی ایوارڈ،ستارہ امتیاز،ہلال امتیاز،اباسین ایوارڈ،نقش ادب ایوارڈ سمیت لاتعداد ملکی و غیرملکی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے احمد فراز نے سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں بعض پالیسیوں کی مخالفت پر احتجاجاًہلال امتیاز واپس کر دیا تھا۔احمد فراز کی شاعری کے انگریزی،فرانسیسی،پنجابی،جرمن،روسی اور دیگر زبانوں میں بھی تراجم شائع ہو چکے ہیں۔احمد فراز گردوں کے عارضے کا شکار تھے وہ علاج کیلئے امریکہ بھی گئے تھے جہاں سے وہ صحتیاب ہو کر آئے تھے سات برس قبل 25 اگست 2008ء کو وہ اچانک گردوں کی بیماری کی وجہ سے اسلام آباد کے ایک اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سندھ کی نگران حکومت نے صوبائی فنڈز سے سالانہ گرانٹ لینے والے صحت کے اداروں کو آڈٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔ سندھ کی نگران انتظامیہ نے ایک ارب روپے سالانہ گرانٹ لینے والے تمام اداروں کو آڈٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اچھی شہرت والے پرائیویٹ ادارے سے گرانٹ کا آڈٹ کرائیں۔ نگران صوبائی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک ارب سے زائد گرانٹ لینے والے ادارے بھی 4 بڑی کمپنیوں میں سے ایک سے گرانٹ کا آڈٹ کرائیں۔ خیال رہے کہ سندھ حکومت سے سالانہ بنیادوں پر گرانٹ لینے والے صحت کے اداروں میں 34 سرکاری و غیر سرکاری اسپتال اور این جی اوز شامل ہیں۔نگران صوبائی حکام کی جانب سے متعلقہ اداروں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ گرانٹ لینے والے طبی ادارے سندھ حکومت کی تشہیر بھی کریں، گرانٹ لینے والے ادارے اپنی اسٹیشنری پر سندھ حکومت کا لوگو چھاپیں اور ایک فیصد سیکم رقم سندھ حکومت کی تشہیر پر بھی خرچ کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
لاہور ہائیکورٹ نے صدر مملکت کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے احکامات کیلئے درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالتی معاونت کیلئے طلب کرلیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کیلئے مختلف ٹائم لائنز ہیں جنہیں کم کرنا الیکشن کمیشن کیلئے ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی حساس معاملہ ہے، ٹائم لائن کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کیلئے کم از کم 4 ماہ درکار ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اسی لیے ہرکوئی اس معاملے میں حساس ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اگر جون میں مردم شماری ہوگئی تھی تو اس کی منظوری کیوں نہیں دی گئی؟ جو بھی ٹائم لائن بنتی ہے اسے 90 دن کے اندر اندر لایا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اسمبلیاں اچانک تحلیل نہیں ہوئیں، اس معاملے سے ہرکوئی آگاہ تھا، الیکشن کمیشن کو اپنی تیاری ہرصورت مکمل رکھنی چاہیے تھی۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ جو بھی ہو الیکشن کرانے کی ٹائم لائن 90 دن ہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق انتخابات کیلئے امریکا کی حمایت کی یقین دہانی کرا تے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل کے رہنماوں کا انتخاب کرنا پاکستانی عوام کا حق ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ترجمان امریکی سفارتخانے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، جس میں انتخابات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ کہ امریکی سفیر نے پاکستان کو آئین و قانون کے مطابق انتخابات کیلئے امریکا کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ مستقبل کے رہنماوں کا انتخاب کرنا پاکستانی عوام کا حق ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا پاکستانیوں کے منتخب نمائندوں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد الیکشن کمیشن کو 90 روز میں انتخابات کرانا ہوں گے تاہم ای سی پی نے انتخابی شیڈول کے بجائے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا ہے، جس کی وجہ سے انتخابات میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے ممبر خواجہ حارث نیعلیحدگی اختیار کرلی۔جمعرات کے روز خواجہ حارث توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم سے علیحدہ ہوگئے، اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی پر سماعت ہونا تھی،خواجہ حارث پی ٹی آئی کی جانب سے نمائندگی کر رہے تھے،جو درخواستیں دائر کی گئی تھیں اس میں بھی وہ نمائندگی کررہے تھے،خواجہ حارث کی جانب سے کہا گیا کہ تمام تر توشہ خانہ کیس کی فائلیں دیگر قانونی ٹیم کو بھجوا دی گئی ہیں،مزید کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزامعطلی کی درخواست میں پیش نہیں ہوسکیں گے،خواجہ حارث کی قانونی ٹیم سے علیحدگی کے بعد دیگر وکلاء عدالت میں درخواست پیش کریں گے،توشہ خانہ کیس کی سماعت دن 12بجے ڈویژنل بینچ میں ہونی ہے،چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے سزامعطلی کی درخواست دائر کی گئی ہے،خواجہ حارث نے کافی عرصہ قانونی ٹیم میں کام کرنے کے بعد علیحدگی اختیار کرلی، ان کی جانب سے کہا گیا کہ مختلف تحفظات کے باعث قانونی ٹیم سے الگ ہورہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
حکومت پاکستان نے ملک میں چپ ڈیزائن سینٹر کے قیام کے لیے 190 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 2023-24 کے مطابق چپ ڈیزائن سینٹر قائم کیا جائے گاجو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی نسٹ میںہو گا۔ سنٹر کا مقصد الیکٹرانک چپس کے ڈیزائن اور پیداوار کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گا تاکہ درآمدی چپس پر انحصار کم ہو سکے۔ سائنس اور تکنیکی ریسرچ ڈویژن کے لیے مختص کردہ مجموعی پول میں چپ ڈیزائن سینٹر مختص کیے گئے ہیں۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سائنس اور ٹیکنالوجیکل ریسرچ ڈویژن کے لیے کل مختص رقم 5.716 بلین روپے ہے جس میں سے 190 ملین روپے چپ کی نئی سکیم پر خرچ کیے جائیں گے۔ بقیہ فنڈز ڈویژن کے تحت جاری اسکیموں پر خرچ کیے جائیں گے۔ جاری اسکیموں کے لیے مختص کیے گئے فنڈز میں سے 400 ملین روپے 'نیوٹریشنل بائیو کیمیکل اور علاج کے مقصد کے لیے حیاتیاتی ایجنٹوں کی جین ایڈیٹنگ' کے منصوبے پر خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے بعد، 300 ملین روپے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ پر خرچ کیے جائیں گے۔ نوجوان طلبا کے لیے سائنس ٹیلنٹ فارمنگ اسکیم پر مزید 300 ملین روپے ،صوبہ بلوچستان میں گوادر، اور بحیرہ عرب کے کھارے پانی کے اندرون ملک تباہی سے بچانے کے لیے 'سمندر کے پانی میں دخل اندازی، سطح سمندر میں اضافے، ساحلی کٹا واور زمین کی کمی' پر مزید 250 ملین روپے۔ 200 ملین روپے کی کل مختص کے ساتھ 'میڈیکل ایکوپمنٹ اینڈ ڈیوائسز انوویشن سنٹر کے قیام ،پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ میں 'ریسرچ، ڈویلپمنٹ اور انوویشن پروگرام' کے لیے مزید 200 ملین روپے خرچ ہوں گے۔ پشاور میں 'میڈیسنل بوٹینک سنٹر' کو بھی 'نیشنل سینٹر فار ہربل میڈیسن' میں اپ گریڈ کیا جائے گا جس پر کل 177 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ملک کی چپ مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے 'سیمی کنڈکٹر چپ ڈیزائن فیسیلیٹیشن سینٹر' پر مزید 97 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے۔ حکومت کے بغیر کسی جزو کے غیر ملکی امداد کے ذریعہ مالی اعانت فراہم کی جارہی ہے۔ سائنس اور تکنیکی ریسرچ ڈویژن کو دیئے گئے فنڈز کا ایک بڑا حصہ جدید ترین ابھرتی ہوئی اور اسٹریٹجک ٹیکنالوجیز جیسے چپ ڈیزائن، نینو ٹیکنالوجی، الیکٹرو میڈیکل ڈیوائسز، صحت میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی، کی تحقیق اور ترقی پر جائے گاجس میں آٹومیشن، ڈیٹا ریپوزٹری، اور مسابقتی تحقیقی پروگرام شامل ہیں۔ حکومت کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں کے لیے مختص رقم سے پاکستان کے سائنسی اور تکنیکی اداروں کی مسابقتی برتری کو بڑھانے کا مقصد حاصل ہو۔ اس مقصد کے لیے حکومت کو شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے موثر نگرانی اور تشخیص کا طریقہ کار متعارف کرانا چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستانی حکومت کی مانیٹری پالیسی نے افراط زر کو روکنے کے لیے محدود کردار ادا کیا ہے جو بالآخر معیشت پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ ویلتھ پاک سے بات کرتے ہوئے مانیٹری پالیسی کمیٹی کی سابق رکن عالیہ ہاشمی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا پالیسی ریٹ میں اضافہ کرکے رقم کی سپلائی کو کم کرنے کا منصوبہ زمینی حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا۔ بہت سے ترقی یافتہ ممالک کے برعکس پاکستان میں لوگ اکثر پالیسی ریٹ میں تبدیلی کے لیے محدود ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ شرح سود میں اضافہ، بڑھتی ہوئی بچتوں کے ذریعے رقم کی سپلائی کو کم کرنے کے بجائے، بالآخر ملک میں سرمایہ کاری کے لیے رکاوٹ کا کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کی شرح کے لحاظ سے پیچھے ہے۔ عالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق، سرمایہ کاری سے جی ڈی پی کا تناسب تقریبا 15 فیصد ہے۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش میں یہ شرحیں بالترتیب 27 فیصد اور 32 فیصد ہیں۔ عالیہ نے مزید کہا کہ شرح سود میں اضافہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے کہنے پر کیا گیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پالیسی ملک کے لحاظ سے ہونی چاہئیں۔ شرح سود امریکہ اور برطانیہ جیسے ترقی یافتہ ممالک میں مہنگائی کو کم کرنے میں موثر ہے۔ اس سے عوامی قرضوں اور ادائیگیوں کے بوجھ میں اضافہ ہوتا ہے۔حکومت کو سرکاری شعبے کے سرمایہ کاری کے منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے بہت کم مالی جگہ فراہم کی جاتی ہے۔ پہلے ہی جی ڈی پی میں کمی مہنگائی کی بلند شرحوں کے ساتھ مل کر، جو معیشت کے اندر مجموعی مانگ میں نمایاں کمی کا باعث بنتی ہے، محدود عوامی اخراجات جی ڈی پی کی شرح نمو میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔ عالیہ نے مشورہ دیا کہ حکومت کو گھریلو پیداوار پر توجہ دینی چاہیے اور سپلائی کو حل کرنا چاہیے۔ مہنگائی کو کم کرنے میں ضمنی رکاوٹیںدور کرنی چاہییں۔ مختصرا، مہنگائی کو کم کرنے کے لیے بنائی گئی مالیاتی پالیسی نے پاکستان کی ترقی کی صلاحیت پر کثیر جہتی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پاکستان میں 6 ٹریلین ڈالر مالیت کے معدنی ذخائر موجود ہیں جن سے اگر فائدہ اٹھایا جائے تو ملک کی تقدیر بہتر ہو سکتی ہے، معدنیات کے شعبے کے ایک ماہر نے دعوی کیا ہے کہ اس پوشیدہ دولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مناسب فیلڈ ورک، گریڈنگ اور ریزرو اسٹیبلشمنٹ کی ضرورت ہے۔ ماربل، گرینائٹ اور معدنیات کے لیے وزارت خزانہ کی سیکٹرل کونسل کے قائم مقام رکن محمد یعقوب شاہ نے کہا کہ معدنی دولت کو کیسے حاصل کیا جائے اس مقصد کے لیے مناسب منصوبہ بندی اور پالیسیاں وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو صنعتی پیداوار میں خام مال کے طور پر استعمال کے لیے ویلیو ایڈڈ یا ریفائنڈ معدنیات درآمد کرنے کے لیے بہت زیادہ زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے، اس طرح مقامی طور پر پیدا ہونے والی مصنوعات زیادہ مہنگی ہیں، انہیں صارفین کی پہنچ سے دور کر دیتی ہیں۔ لوگ مقامی مصنوعات کے مقابلے میں کم قیمتوں پر دستیاب دیگر غیر ملکی مصنوعات خریدنے کو ترجیح دیتے ہیںجو ملکی صنعت کی ترقی کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے پاکستان کی کان کنی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں لوگوں کی روزی کا انحصار صرف اس شعبے پر ہے۔ آپریشنل کان کنی کا مطلب ہے کہ ہنر مند اور غیر ہنر مند افرادی قوت کی اچھی خاصی تعداد کے لیے کام کے مواقع ہوں۔ نئی اقتصادی سرگرمیوں کو جنم دینے کے لیے بڑے اور چھوٹے پیمانے پر پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن یونٹس کا قیام بھی اہم ہے۔ معدنیات کے شعبے کے ماہر نے کہا کہ معدنیات کے علاوہ قیمتی پتھروں کی صنعت بھی کان کنی کے شعبے کا ایک مضبوط جزو ہے اور اس کی قدر میں اضافہ بھی ضروری ہے۔ زیادہ تر معدنیات خام شکل میں برآمد کی جاتی ہیں، اس طرح پاکستان کو اس کے بدلے میں بہت کم ملتا ہے۔ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد یقینی طور پر ملک میں زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ لائے گی، اس طرح ملک کو مالی بحران سے نکالا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نگران وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سرفراز احمد بگٹی کو 6دن بعدوزارت انسداد منشیات کاخیال آہی گیا،نگران وزیر نے وزارت انسداد منشیات کادورہ کیا اور بریفنگ لے ،نگران وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات نے اے این ایف کی سیکیورٹی لینے سے انکار کرتے ہوتے ہوئے کہاکہ اے این ایف انسداد منشیات کے اپنے کام پر توجہ دے ،واضح رہے کہ نگران وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سرفراز بگٹی کے پاس پہلے سے ہی وزارت داخلہ کی سیکیورٹی موجود ہے ۔بدھ کو نگران وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات سرفراز احمد بگٹی کا وزارتِ انسدادِ منشیات کا دورہ کیا۔نگران وفاقی وزیر نے وزارت کے افسران اور اسٹاف سے تعارفی ملاقات کی۔سیکریٹری وزارتِ انسدادِ منشیات کی جانب سے وزارت کے اہم امور کے بارے میں وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔نگران وفاقی وزیر کی جانب سے وزارت کو درپیش چیلنجر سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیاگیا۔نگران وفاقی وزیرسرفراز بگٹی نے کہاکہ پاکستان سے منشیات کے خاتمے کیلئے مل کر کام کریں گے۔وفاقی وزیر سرفراز احمد بگٹی نے اینٹی نارکوٹیکس فورس کی سیکیورٹی لینے سے معذرت کرتے ہوئے کہاکہ اینٹی نارکوٹیکس فورس کا بنیادی مقصد انسداد منشیات ہے، خواہش ہے کہ تمام تر توجہ اس مقصد پر مرکوز کی جائے۔(محمداویس)
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
لاہورکے علاقے چوہنگ میں باپ کے سامنے بیٹی کو قتل کرنے والے ملزم نے مبینہ طور پر گولی مارکرخود کشی کرلی۔ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے منڈی بہاوالدین پہنچی تو لڑکے نے چھت پرجا کرخود کو گولی مارلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حنان منڈی بہاوالدین کا رہائشی تھا اورمقتولہ کے ساتھ پڑھتا تھا۔حنان اورمقتولہ کی آپس میں دوستی تھی،لڑکی نے تعلق ختم کیا تو لڑکے نے گولی ماردی۔ ملزم نے دو روز قبل الیکشن کمیشن کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر کی بیٹی کوقتل کیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ آف پاکستان نے نابالغ لڑکی کے مبینہ اغوا اور شادی سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے لڑکی کو رضامندی پر شوہر کے ساتھ جانے کا حکم دیدیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے نابالغ لڑکی کے مبینہ اغوا اور شادی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا۔ متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی گئی، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ فرزانہ بی بی کی عمر اب تقریبا 18 سال ہو چکی ہے۔ چیف جسٹس نے متاثرہ بچی سے استفسار کیا کہ والدین کیساتھ رہ رہی ہیں؟ فرزانہ بی بی نے کہا کہ والدین کیساتھ رہ رہی ہوں لیکن شوہرکیساتھ رہناچاہتی ہوں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جوواقعہ ہوا اس پر افسوس ہے لیکن انکی شادی ہو چکی ہے، متاثرہ لڑکی تو شوہر کیساتھ جانا چاہتی ہے، شوہرکیخلاف کارروای کا حکم دیا تو دونوں کا مستقبل تباہ ہوجائیگا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اب ان کے دو نوزایداہ بچے بھی ہیں۔چیف جسٹس عمرعطا بندیال اور جسٹس اطہرمن اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے لڑکی کی رضامندی پر شوہر کے ساتھ جانے کا حکم دیدیا، سپریم کورٹ نے نوزایداہ بچوں کو بھی شوہر کے حوالے کرنے کا بھی حکم دیدیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت میں متاثرہ بچی اور اسکی دو بیٹیاں تفتیش مکمل ہونے تک درخواستگزار والد کے حوالے کی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سپریم کورٹ آف پاکستان نے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کی نیب درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔ چیف جسٹس عمرعطا بندیال اور جسٹس اطہرمن اللہ پرمشتمل بینچ نے سماعت کی رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کی نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ دو رکنی بینچ نے نیب درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں انکوائری ہو رہی تھی تاہم لاہور ہائی کورٹ رانا ثنا اللہ کے خلاف انکوائری کالعدم قرار دے چکی، سپریم کورٹ نے درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
آئی ایم ایف نے تمام سرکاری اداروں کو وزارت خزانہ کی نگرانی میں رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے گورننس اور نجی شعبے میں اصلاحات اہم ہیں۔ پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستر پیریز روئز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سرکاری اداروں کو وزارت خزانہ کی نگرانی میں رکھنا طے شدہ اصلاحات کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کی معیاد 2024 کے اوائل تک ہے۔ نمائندہ آئی ایم ایف نے کہا بیرونی سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے گورننس اور نجی شعبے میں اصلاحات اہم ہیں۔ ایستر پیریز نے مزید کہا کہ اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کو شروع ہوئے 3 سال کا عرصہ بیت چکا تاہم مسافر مکمل سہولیات سے محروم ہیں، بی آر ٹی میں یومیہ 3 لاکھ سے زیادہ افراد سفر کرتے ہیں تاہم بسوں کی تعداد صرف 244 ہے۔ بسوں کی کمی کے باعث نہ صرف رش بڑھتا ہے بلکہ مسافروں کو انتظار بھی زیادہ کرنا پڑتا ہے، خواتین کو بھی بس سے اترنے اور چڑھنے میں مشکلات رہتی ہیں۔ رش کے باعث جہاں بی آر ٹی بسوں میں شہریوں کو دھکم پیل کی سی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں ان بسوں میں چوری کی وارداتیں بھی معمول بن چکی ہیں۔ دوسری جانب ٹرانس پشاور کے مطابق روٹ پر 244 میں سے 209 بسیں چلائی جاتی ہیں تاہم رش کی صورت میں بسوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے، بسوں کی تعداد بڑھانے سے کرائے میں بھی اضافہ کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت بی آر ٹی کو سبسڈی کی مد میں سالانہ 2 ارب دے رہی ہے، محکمہ خزانہ نے بی آر ٹی کے خسارے کو کم کرنے کے لیے کرایوں میں اضافے سمیت 2 تجاویز منظوری کے لیے صوبائی حکومت کو بھیجی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
موٹر وے ایم 5 پر ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق موٹر وے ایم 5 پر اوچ شریف انٹرچینج کے قریب لوڈر مزدا اور ٹرالر آپس میں ٹکرانے سے حادثہ پیش آیا جس میں لوڈر ڈرائیور اور ہیلپر جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق لوڈر مزدا کراچی سے لاہور جا رہا تھا، ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث ٹرالر کے پیچھے جا ٹکرایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت 22 سالہ مجاہد اللہ اور 30 سالہ سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر)پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ایکٹ اور آئین میں مقابلہ اور لڑائی شروع ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا اور ساتھ بیان دے دیا کہ 90 دن میں الیکشن نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد سیاستدانوں یا سیاسی پارٹیوں سے ملاقات بے معنی ہے لیکن آئین ہی جیتے گا اور آئین ہی نافذ العمل ہوگا، اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے فیصلہ عدالتوں میں ہوگا، صدر نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں 20 دن انتہائی اہم ہیں، پہلے صدر نے ٹوئٹ لکھ کر بھونچال پیدا کیا اور اب الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر ہلچل پیدا کر دی ہے، الیکشن کمیشن صدر کی مشاورت کو اہمیت نہیں دے گا اور صدر کی بات نہیں مانی جائے گی، اگر صدر الیکشن کی تاریخ دے دیتے ہیں تو پھر ایک نیا پنڈورا باکس کھل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 90 دن میں ہوتے ہیں 4 مہینوں میں یا نہیں ہوتے یہ ایک اہم مسئلہ ضرور ہے لیکن سب سے اہم مسئلہ پاکستان میں اس وقت بجلی کے فی یونٹ میں مزید 5 روپے 40 پیسے اضافہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ لوگ آٹا، چینی اور پٹرول کے بعد بجلی کے بل دینے کے بھی قابل نہیں ہیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر نے ٹرپل سنچری مکمل کر لی ہے، معاشی، سیاسی، اقتصادی حالات سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں، لوگوں کی سیاست پیچھے رہ گئی ہے، لوگوں کی اپنی زندگی اور بقا کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، اللہ تعالی پاکستان کے حال پر رحم کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
جڑانوالہ میں جلا وگھیراواور توڑپھوڑ کا معاملہ، توہین مذہب اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت مزید 11 مقدمات درج کرلئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ توہین مذہب اوردہشتگردی دفعات کے تحت مزید11 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ مقدمات میں ایک ہزارسیزائد ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمات میں توڑپھوڑ،جلاگھیرا،کارسرکارمیں مزاحمت کی دفعات شامل ہیں۔ اب تک کل مقدمات کی تعداد21 ہوگئی جبکہ مقدمات میں نامزد 150سیزائد ملزمان گرفتارہوچکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
اے ٹی سی نے سابق گورنرعمرسرفرازچیمہ جناح ہاوس جلاو گھیرا وکیس کی سماعت سماعت 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔ اے ٹی سی میں سابق گورنرعمرسرفرازچیمہ کی ضمانت بعدازگرفتاری پرسماعت ہوئی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجازاحمد بٹرنے سماعت کی ۔ جونیئر وکیل نے دوران سماعت عدالت میں استدعا کی کہ سینئروکیل برہان معظم سپریم کورٹ میں مصروف ہیں ،عدالت سماعت ملتوی کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرکے سماعت دو ستمبر تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد پنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ایم ڈی واسا کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے سبب رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ شہر میں نکاسی آب کے لیے ہیوی مشینری و عملہ نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ نالہ لئی اور دوسرے نالوں کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں غذر اور دیربالا میں بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ضلع ٹھٹہ کے علاقے جھرک کے قریب ٹرک اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے ۔ ایدھی ذرائع کے مطابق افسوس ناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب ملا کاتیار پل کے قریب حیدرآباد سے ٹھٹھہ آنے والی مسافر وین کو ٹرک نے ٹکر مار دی ۔ حادثے کے نتیجے میں سات افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 15 زخمی ہیں ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
امریکی کرنسی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی کا رجحان ہے۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 61 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 300 روپے 25 پیسے کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 299 روپے 64 پیسے پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا ۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 300 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد 100 انڈیکس 47 ہزار 723 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
ہیڈ سلیمانکی میں اونچے درجے کا سیلاب ، پانی کے تیز بہا وکے باعث دریائے ستلج کے متعدد حفاظتی بند ٹوٹ گئے ۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ سلیمانکی میں پانی کی آمد اور اخراج 136632 کیوسک ہوگیا، پانی کے تیز بہا وکی وجہ سے متعدد عارضی حفاظتی بند اور سڑکیں ٹوٹ گئیں۔ دریائی بیلٹ سے ملحقہ وسیع علاقہ زیر آب آ چکا ہے، جبکہ درجنوں آبادیوں کے چاروں اطراف پانی ہی پانی ہے، 60 سے زائد دیہات کے زمینی راستے منقطع ہوگئے، ہزاروں ایکڑ فصلیں، املاک تباہ ہوگئیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے اہل علاقہ کے ساتھ ملکر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو ٹیمیں پانی میں پھنسے 8561 افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پرمنتقل کر چکی ہیں۔ دوسری جانب بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلہ ہیڈ اسلام وہاڑی پہنچنے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث ہیڈ اسلام میں پانی کی سطح 94000 کیوسک ہوچکی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق قصور، بہاولنگر، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال اور وہاڑی کی ہزاروں ایکڑ اراضی زیرآب، فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، ستلج میں سیلاب سے بہت سے دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، جبکہ متاثرہ افراد امداد کے منتظر ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی
نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اور چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی، کنٹریکٹر نے پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریف کیا۔ دوران بریفنگ وزیراعلی کو کہا گیا کہ منصوبے کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا جبکہ وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے کو اگلے ماہ تک 100 فیصد مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ نجی کمپنی کے کنٹریکٹر نے نگران وزیراعلی کو پراجیکٹ ستمبر کے آخری عشرے میں مکمل کرنے کی گارنٹی دی اور پراجیکٹ بریف پر دستخط کئے، کنٹریکٹر کا کہنا تھا کہ انشااللہ منصوبے کو وزیراعلی کے ویژن کے مطابق جلد ازجلد مکمل کریں گے۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور معیاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اسی رفتار سے پراجیکٹ پر دن رات کام جاری رکھا جائے، اراضی مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے سے ٹریفک کا بڑا مسئلہ حل ہوگا، عوام کی سہولت کیلئے اس منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی